Saturday, April 27, 2024

عمران خان لازمی بلٹ پروف جیکٹ پہنیں، پولیس نے سکیورٹی ہدایات سے آگاہ کر دیا

عمران خان لازمی بلٹ پروف جیکٹ پہنیں، پولیس نے سکیورٹی ہدایات سے آگاہ کر دیا
November 26, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پولیس نے پی ٹی آئی قیادت کو تحریری طور پر سکیورٹی ہدایات سے آگاہ کر دیا۔

تحریک انصاف کے راولپنڈی جلسے کیلئے فل پروف سکیورٹی انتظامات کیئے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 7 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ سکیورٹی کے پیش نظر راولپنڈی کے چاروں بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی بھی نافذ کرتے ہوئے تمام آپریشنز ملتوی اور ڈاکٹرز کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں ہیں۔ سکیورٹی کے پیش نظر کارکنوں کو مرکزی کنٹنیرز سے 20 فٹ دور رکھا جائیگا۔

پولیس نے پی ٹی آئی قیادت کو تحریری طور پر اہم سکیورٹی ہدایات سے آگاہ کر دیا جس کے تحت کسی عوامی مقام پر عمران خان کو گاڑی سے باہر نہ نکلنے اور انکی نقل و حرکت کو خفیہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ٹی آئی قیادت کو ہدایت دی گئی ہے کہ فہرست کے علاؤہ کوئی بھی اسٹیج پر نہیں جا سکے گا جبکہ جلسہ گاہ/مارچ میں کوئی مسلح پرائیویٹ گارڈ/گن مین نہیں ہو گا۔

مراسلہ کے مطابق عمران خان کسی مقام پر عوام سے ملاقات نہیں کریں گے،تمام شرکاء مجوزہ مقام سے مکمل چیکنگ کے بعد ہی داخل ہو سکیں گے، ڈرون کیمرہ کے استعمال اور آتش بازی پر مکمل پابندی ہو گی۔ کارکنوں کو کسی عمارت کی چھت پر چڑھنے کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔