اسلام آباد (92 نیوز) - سابق وزیراعظم عمران خان کےخلاف توشہ خانہ کیس کی تحقیقات شروع کردی گئی، نیب نے کابینہ ڈویژن، سرکاری توشہ خانہ کے افسران اور رانا ابرار خالد کا ابتدائی بیان قلمبند کرلیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی تحقیقات شروع کردیں۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے توشہ خانہ تحائف لیتے ہوئے اشیاء کے کم ریٹ لگائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ عمران خان کی جانب سے توشہ خانہ سے لی گئی تین گھڑیوں کی خریداری میں اپریزر رپورٹ بھی مشکوک قرار دی گئی ہے۔
عمران خان کی جانب سے تین قیمتی گھڑیوں گراف اور رولیکس کی انڈر انوائسنگ کا انکشاف بھی ہوا ہے جبکہ توشہ خانہ سے تحائف خریدتے ہوئےعمران خان نے رقوم کی ادائیگی بھی کسی اور کے اکاؤنٹ سے کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے توشہ خانہ کیس میں کابینہ ڈویژن، سرکاری توشہ خانہ کے افسران اور رانا ابرار خالد کا ابتدائی بیان قلمبند کرلیا ہے۔ ڈی جی نیب راولپنڈی عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کی نگرانی کررہے ہیں۔