لاہور (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت کا تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں حقیقی آزادی مارچ ہر صورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
شوکت خانم اسپتال میں عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کی سینئرلیڈرشپ کا اجلاس ہوا، جس میں ڈاکٹرز نے شرکاء کو عمران خان کے آپریشن سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔
اجلاس نے عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی جبکہ جاں بحق ہونے والے معظم گوندل اور ملزم کو قابو کرنے والے ابتسام کی بہادری کی تعریف کی گئی۔
تحریک انصا ف نے فائرنگ کے واقعہ کے پس منظر کا تفصیلی جائزہ لیا اور اسے ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا۔
اجلاس کے بعد فواد چودھری نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کو حملے کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا اور کہا کہ انہیں ہٹائے بغیر تفتیش آگے نہیں بڑھ سکتی۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں پنجاب پولیس کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا گیا اور آئی جی کی فوری تبدیلی کا مطالبہ کیا گیا۔
فواد چودھری نے کہا کہ اجلاس میں فائرنگ کے واقعہ کو مذہبی رنگ دینے کی مذمت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وفاق کی علامت ہیں عمران خان پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے، حقیقی آزادی احتجاج ہر صورت میں جاری رہے گا۔