Saturday, July 27, 2024

عمران خان کی توشہ خانہ میں نااہلی کالعدم قرار دینے کا کیس لارجر بینچ کو منتقل

عمران خان کی توشہ خانہ میں نااہلی کالعدم قرار دینے کا کیس لارجر بینچ کو منتقل
November 11, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - عمران خان کی توشہ خانہ میں نااہلی کالعدم قرار دینے کی درخواست میں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے کیس لارجر بینچ کو بھجوا دیا۔

جابر عباس کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں کہ کسی کو بھی نااہل کر سکے۔ جس بنیاد پر عمران خان کو نااہل قرار دیا گیا وہ آئین میں موجود ہی نہیں۔ الیکشن کمیشن ڈیکلریشن پر 120 دن میں ایکشن لے سکتا ہے اس کے بعد اس کے پاس اختیار نہیں ہے۔ کسی بھی رکن پارلیمنٹ کو نااہل کرنے کا اختیار الیکشن کمیشن کا نہیں بلکہ الیکشن ٹربیونل کا ہے۔

درخواست گزار کے مطابق اگر کوئی جرم ہوا ہے تو اسے متعلقہ فورم پر بھجوانا چاہیے تھا۔ اس معاملے پر الیکش کمیشن سیشن عدالت میں استغاثہ دائر کر سکتا ہے جو اس کا فیصلہ کر سکتا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی الیکشن کمیشن نے آئین کی غلط تشریح کی ہے۔ عدالت اس فیصلے کو کالعدم قرار دے۔