لاہور (92 نیوز) – چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 26 نومبر کو راولپنڈی پہنچنے کا اعلان کردیا۔
ہفتہ کو لانگ مارچ کے شرکاء سے ویڈیو لنک خطاب میں انہوں نے کہا کہ جب سے سازش کے ذریعے ہماری حکومت گرائی گئی ہم میدان میں ہیں، اس مارچ میں قوم کو بدلتے دیکھا ہے، ان سات ماہ میں جو دیکھا وہ چھبیس سال کی سیاست میں نہیں دیکھا۔
عمران خان بولے 25 مئی کو ہم پر جو ظلم ہوا کبھی نہیں بھولوں گا، ہم پر ایسے ظلم کیا گیا جیسے ہم پاکستانی نہیں ہیں، میرے دور میں تین لانگ مارچ کیے گئے ہم نے نہ روکا نہ ایف آئی آر کاٹی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ساری قوم راولپنڈی پہنچے، اگلے ہفتے مارچ کے شرکاء سے راولپنڈی میں ملاقات ہوگی، راولپنڈی میں 26 نومبر کو اگلا لائحہ عمل دوں گا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ہماری ڈیمانڈ شفاف الیکشن کی ہے، اس کے سوا دلدل سے نکلنے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔ غلامی سے بہتر ہے، مرجاؤں۔ ملک کو حقیقی آزادی دلوائے بغیر نہیں رُکیں گے۔ قوم اپنے فیصلے خود کرے گی، کسی سُپر پاور کی غلامی نہیں کریں گے۔