Friday, April 26, 2024

عمران خان کہتے ہیں کہ انہیں جنرل باجوہ کو توسیع نہیں دینی چاہیے تھی

عمران خان کہتے ہیں کہ انہیں جنرل باجوہ کو توسیع نہیں دینی چاہیے تھی
January 2, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) سابق وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ انہیں جنرل باجوہ کو توسیع نہیں دینی چاہیے تھی۔

پارٹی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ میری جنرل باجوہ سے آخری ملاقات اگست میں ہوئی، توسیع کیلئے جنرل باجوہ کی طرف سے پیغام آیا تھا، جنرل باجوہ کے ہوتے ہوئے قانون کی حکمرانی کو تباہ کیا گیا۔

سابق وزیراعظم عمران کا کہنا تھا کہ غریب ممالک کے ترقی نہ کرنے کی وجہ نوازشریف اور زرداری جیسے لوگ ہیں، آئی ایم ایف نے 700ارب روپے کے مزید ٹیکس لگانے کا کہاہے، ملک میں قانون کی حکمرانی ہوگی تو سرمایہ کاری آئے گی ۔

اُنہوں نے کہا میرے ساتھ دشمنوں جیسا سلوک کیاگیا، اعظم سواتی کو ایک ٹویٹ کرنے پرتشدد کا نشانہ بنایاگیا، پاکستان میں کرپٹ لوگوں کو نہیں پکڑا جاتا، ملکی مسائل کا حل شفاف الیکشن ہیں۔

پارٹی ترجمانوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عمران خان نے وفاقی حکومت کے خلاف پارٹی بیانیے کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔

کہا کہ عوام کو حکومت کی ناکامیوں سے متعلق آگاہ کیا جائے، تباہ حال معیشت اور مہنگائی کے پس پردہ حقائق عوام تک پہنچائے جائیں، عوام کو بتائیں وفاقی حکومت نے کس طرح این آر او ٹو سے فائدہ لیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت کے پاس مہنگائی پر قابو پانے کا کوئی فارمولا نہیں، ن لیگ کو عام آدمی کا فکر نہیں ان کو فکر ہیں عمران خان کو نااہل کس طرح کرنا ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ اعظم سواتی کیخلاف درجن سے زائدمقدمات درج کرائے گئے، ایک سینیٹر کا یہ حال ہے تو عام آدمی کاکیاحال ہوگا؟

دوسری جانب عمران خان کی ہدایت پر کوہاٹ کی رہائشی کینسر کی مریضہ بچی کا علاج شروع کردیا گیا ہے، اس بچی کو اس کی والدہ 13دسمبر کو زمان پارک لے کر آئی تھی۔

پی ٹی آئی کا ملکی معاشی حالات پر کل وائٹ پیپر جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔