Saturday, April 20, 2024

عمران خان کی جان کو خطرہ، بے مقصد اجتماع ملتوی کر دیں، وزیر داخلہ کا مشورہ

عمران خان کی جان کو خطرہ، بے مقصد اجتماع ملتوی کر دیں، وزیر داخلہ کا مشورہ
November 25, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے مشورہ دیتے ہوئے کہا عمران خان کی جان کو خطرہ، بے مقصد اجتماع ملتوی کر دیں۔

جمعہ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلسے میں دہشتگردی ہو سکتی ہے، ایک شخص نے جھوٹی آزادی کے نام پر جدوجہد شروع کی، وہ سیاستدان طعنہ زنی سے بلیک میلنگ تک پہنچا، لانگ مارچ کا ڈھونگ رچایا گیا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان سیاسی قیادت سے بات چیت کریں، میری خدمات چاہئے تو حاضر ہوں، میں آپ کا سیاسی مخالف ہوں، ذاتی دشمن نہیں۔ میری طرف سے کسی سخت لفظ کا چناؤ ہوا تو وہ بھی آپ کی وجہ سے ہوا ہوگا۔

وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ آئینی مدت پوری کرنے سے پہلے الیکشن کرانے کا کوئی ارادہ نہیں، سیاسی جماعتوں کے آپس میں بات چیت سے مسائل حل ہوتے ہیں۔ گالیاں، طعنے دیکر کچھ حاصل نہیں کرسکیں گے، پارلیمنٹ میں واپس آئیں، اپنا رول ادا کریں، آپس میں سیاستدان بیٹھیں گے نہیں تو ڈیڈلاک قائم رہے گا۔