Friday, March 29, 2024

عمران خان کی اجازت ملتے ہی پورے ملک میں احتجاج شروع کیا جائے گا، فواد چودھری

عمران خان کی اجازت ملتے ہی پورے ملک میں احتجاج شروع کیا جائے گا، فواد چودھری
March 18, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - رہنماء تحریک انصاف فواد چودھری کہتے ہیں عمران خان کی اجازت ملتے ہی پورے ملک میں احتجاج شروع کیا جائے گا۔

ہفتہ کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے جو ایجنڈا طے کیا تھا، اس پر عملدرآمد کیا گیا۔ عمران خان کو جوڈیشل کمپلیکس میں حاضری سے روکنے کی کوشش کی گئی۔

فواد چودھری نے کہا کہ زمان پارک میں پولیس کارروائی میں چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا گیا، گیٹ توڑا گیا، عمران خان کی رہائش گاہ میں ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، عمران خان کی اہلیہ اور ہمشیرہ کو ہراساں کیا گیا۔

رہنماء تحریک انصاف نے مزید کہا کہ مریم اورنگزیب گھڑی چوری کا ورد کیا کرتی تھیں، سب سے بڑی گھڑی چور خود نکلیں۔ محسن نقوی کو معلوم ہے پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو ظل شاہ کے قتل کا حساب ہوگا۔

پی ٹی آئی رہنماء شیریں مزاری نے کہا زمان پارک میں پولیس ایسے گئی جیسے جنگ کرنی ہو، یہ ریاستی دہشت گردی ہے۔ کوئی بتائے کیا مقبوضہ کشمیر میں رہ رہے ہیں؟ ملک میں قانون اور جمہوریت ختم ہوگئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آزادی اظہارے رائے ختم ہوگئی، فاشزازم کو فروغ دیا جارہا ہے۔ جعلی شواہد دکھائے جا رہے ہیں، ریاست میں اپنے ہی لوگوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

شیریں مزاری کا مزید کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے ملکی معیشت تباہ کردی، توجہ ہٹانے کے لیے زمان پارک میں کارروائی کی جارہی ہے۔