Thursday, April 18, 2024

عمران خان کو جلسے میں دھمکیاں دینے پر مسلم لیگ ن کے رہنماوں کے خلاف مقدمہ درج

عمران خان کو جلسے میں دھمکیاں دینے پر مسلم لیگ ن کے رہنماوں کے خلاف مقدمہ درج
November 6, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - سابق وزیراعظم عمران خان کو جلسے میں سنگین دھمکیاں دینے پر وزیراعلی پنجاب کے نوٹس پر تھانہ سٹی حافظ آباد میں مسلم لیگ ن کے رہنماوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

مقدمے میں عطاء تارڑ ، سائرہ افضل تارڑ ،محمد بخش تارڑ اور رائے قمر زمان کھرل کو نامزد کیاگیا۔ مقدمے کے متن کے مطابق لیگی رہنماوں کی ایما پر رائے قمر زمان کھرل نے عمران خان کوسنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ رائے قمر زمان کو تقریر سے پہلے عطاء تارڑ اور دیگر رہنماوں نے ہدایت کی کہ عمران خان جان سے مارنے والی بات مت بھول جانا ۔

جلسے سے خطاب کے دوران قمرزمان کھرل نے کہا کہ  معظم کے جاں بحق ہونے پر افسوس ہے لیکن اگر عمران خان کو کچھ ہو جاتا تو  کوئی افسوس نہ ہوتا۔ حافظ آباد پولیس نے مسلم لیگ ن کے رہنماء رائے قمر زمان کھرل  کو کالیکی منڈی کے قریب سے گرفتار کر لیا۔

ادھر وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالہٰی نے بھی ن لیگ کے سابق وائس چیئرمین رائے قمر کی جانب سے عمران خان کو سنگین دھمکیوں کا سخت نوٹس   لیا اور رائے قمر کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم  دیا تھا ۔ وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی نے کہا کہ سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے والے کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔