Friday, April 26, 2024

عمران خان کو حلقہ این اے 108 اور 118 سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

عمران خان کو حلقہ این اے 108 اور 118 سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی
August 24, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - الیکشن ٹربیونل نے عمران خان کو حلقہ این اے 108 اور 118 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے حلقہ این 108 اور 118 سے ضمنی الیکشن لڑنے کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے عمران خان کو دونوں حلقوں سے الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی۔

دوران سماعت عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ باقی حلقوں سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور ہو چکے ہیں۔ ریٹرنگ آفیسر نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔

حلقہ این اے 118 کی امیدوار شذرہ منصب کے وکیل منصور اعوان کا کہنا تھا عمران خان نے توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف کو قومی اداروں سے چھپایا۔ حقائق چھپانے کے باوجود ریٹرننگ افسر نے بلاجواز کاغذات نامزدگی منظور کئے۔

اس پر جسٹس شاہد وحید کا کہنا تھا کہ جتنے بھی الزامات عائد کئے گئے وہ انتخابات کے بعد الیکشن پٹیشن سے متعلق ہیں۔ ایسا اعتراض سامنے لائیں جس پر ٹربیونل اپنا اختیار استعمال کرے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے حکومت کو نشانے پر رکھ لیا، بولے حکومت کو عمران خان کے علاوہ کچھ نظر نہیں آ رہا۔ ملکی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں عام انتخابات کروائے جائیں۔

سابق وفاقی وزیر اعجاز شاہ  بولے رانا ثناءاللہ وزیر داخلہ نہیں وزیر اطلاعات ہیں کیونکہ وہ وزرات داخلہ کے کام کے علاوہ باقی سب کچھ کر رہے ہیں۔