کراچی (92 نیوز) - وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے عمران خان کہتا ہے سندھ فتح کروں گا، تم آکر تو دکھاؤ۔
حیدرآباد کے علاقے ٹنڈوجام میں پیپلزپارٹی کے 55ویں یوم تاسیس کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران نیازی کا راولپنڈی میں احتجاج کا ڈرامہ بری طرح ناکام ہوگیا۔ ایک چھوٹی سڑک پر چند ہزار لوگوں کو لاکر اس نے بیوقوف بنانے کی کوشش کی۔ اس سے زیادہ عوام اس وقت ہمارے جلسے میں موجود ہیں اور ہر طرف عمران نیازی کے خلاف گھڑی چور اور گو نیازی گو کے نعرے لگارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالا۔ جو عمران خان کے خلاف تقریر کرتا اسے نیب اٹھا لیتی تھی۔ عمران خان نے لاک اپ اور ریمانڈ نہیں دیکھے لیکن انشاءاللہ اب ضرور دیکھے گا۔.لاڈلے جیسا سلوک جو عمران خان کے ساتھ ہوا وہ اب بند ہونا چائیے۔ اداروں اور عدالتوں پر یہ شخص حملے کرے کیا یہ قانون سے بالاتر ہے ؟عمران خان نے سیلاب متاثرین کے پیسے لانگ مارچ پر لگائے ، وہ اپنے آپ کو ایماندار اور شریف ہونے کا ڈرامہ کرتا رہا لیکن دنیا نے دیکھا کہ یہ پہلے نمبر کا چور نکلا۔ عمران خان نے توشہ خانہ سے تین گھڑیاں چوری کی، منی لانڈرنگ کرتے رہے ۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلزپارٹی شہیدوں کی جماعت ہے۔ اس کی قیادت سے لے کر کارکنوں تک نے قربانیاں دی ہیں ۔ ذوالفقار علی بھٹو ایٹمی ٹیکنالوجی کے بانی تھے۔ تمام اسلامی ممالک میں پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جس نے ایٹمی ٹیکنالوجی دی۔ بینظیر بھٹو نے پہلی وومن بینک دیا ، عوام کو میڈیکل کی سہولیات دی۔ وومن پولیس اسٹیشن بنائے ۔ آصف علی زرداری نے اختیارات لوگوں کو منتقل کئے ۔ حالیہ سیلاب کی بدترین صورتحال میں بھی ہماری قیادت اور پوری ٹیم میدان میں رہی اور اب بھی ہم سیلاب متاثرین کو 25 ہزار روپے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں مکانات بھی بنا کر دیں گے۔