Friday, April 26, 2024

عمران خان کی نام نہاد ایمانداری نے عوام کی چیخیں نکلوا دیں، احسن اقبال

عمران خان کی نام نہاد ایمانداری نے عوام کی چیخیں نکلوا دیں، احسن اقبال
March 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال کا کہنا ہے وزیراعظم عمران خان کی نام نہاد ایمانداری نے عوام کی چیخیں نکلوا دیں۔

احسن اقبال نے کہا یہ پاکستانی عوام کو ایک سو ارب ڈالر میں پڑے ہیں۔ عمران خان وہ کام کر رہے ہیں جو دشمن بھی نہیں کر سکتے تھے۔ ملک دشمنوں سے پیسے لیے، فارن فنڈنگ کیس میں مجرم ثابت ہو چکے، سپریم کورٹ کے فیصلے پر سات ماہ تک عمل درآمد نہیں کیا۔ جتنے اسکینڈل موجودہ دور میں آئے ستر سال میں بھی اتنے نہیں آئے۔ انہوں نے کہا تحریک عدم اعتماد کسی سیاسی تبدیلی کی تحریک نہیں عوام کی تحریک ہے۔ یہ تحریک پاکستان میں آئین و جمہوریت کو بچانے کی تحریک ہے۔ اگر یہ حکومت رخصت نہ ہوئی تو ملک دلدل میں دھنس جائے گا۔

احسن اقبال نے کہا آج پاکستان کی تمام سیاسی و جمہوری قوتیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہوئی ہیں۔ آئین و عوام کے مفاد کے تحفظ کے لئے اس حکومت کو گھر بھیجنے کے لئے متحد ہے۔ یہ حکومت خود کو پاکستان کا چمپین بنا کر پیش کررہی ہے۔