Friday, March 29, 2024

عمران خان کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے، وزیراعلیٰ پرویز الہٰی

عمران خان کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے، وزیراعلیٰ پرویز الہٰی
October 2, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کہتے ہیں عمران خان مقبول ترین لیڈر ہیں، انکے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔

وزیراعلیٰ پرویز الہٰی مزید بولے سیاست کا محور عام آدمی کے حالات میں بہتری لانا ہے، اللہ تعالی نے جب بھی وزارت اعلیٰ کا منصب دیا، ہمیشہ غریب آدمی کو ریلیف دینے کیلئے خلوص نیت سے کام کیا ہے۔

وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی سے تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر خان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال، فلاح عامہ کے پروگرام سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے طرح انتقامی سیاست کبھی نہیں کی ایسے کام کررہے ہیں جسے عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ ہمیشہ مثبت سیاسی روایات قائم کیں، ون مین شو کی بجائے پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چلتا ہوں۔

اس موقع پر ہمایوں اختر خان کا کہنا تھا کہ چودھری پرویز الہٰی کا سابقہ دور پنجاب کی تاریخ کا ریکارڈ ڈویلپمنٹ کا دور تھا۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر پنجاب حکومت نے2 موبائل ہیلتھ یونٹ، میڈیکل ٹیمز اور ادویات پر مشتمل میڈیکل ریلیف مشن کو سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے روانہ کیا۔

اس موقع پر چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا پنجاب بڑے بھائی کا کرداراحسن طریقے سے نبھا رہا ہے۔ سیاست سے بالا تر ہو کر سیلاب متاثرین کی خدمت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ سندھ سمیت دیگر صوبوں کے سیلاب متاثرین کیساتھ کھڑے ہیں، پہلے بھی 296 ڈاکٹرز، نرسز اور ڈسپنسرز اور ادویات کے 9 ٹرک جذبہ خیرسگالی کے تحت سندھ و بلوچستان بھیجے۔