Saturday, April 20, 2024

عمران خان کے بغیر پاکستان کی سیاست اور حکومت مکمل نہیں، فواد چودھری

عمران خان کے بغیر پاکستان کی سیاست اور حکومت مکمل نہیں، فواد چودھری
March 19, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان کے بغیر پاکستان کی سیاست اور حکومت مکمل نہیں۔

ہفتہ کے روز وزیراطلاعات فواد چودھری نے وزیرتوانائی حماد اظہر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں کہا اتحادی ہمارے ساتھ ہیں، تحریک عدم اعتماد ناکام بنائیں گے، منحرف ارکان واپس آرہے ہیں، توبہ کا دروازہ بھی کھلا ہے، جن کے پیٹ میں درد ہے اِنہیں دوا دینے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پیٹ پھاڑ کر کرپشن کا پیسہ نکالنے کیلئے اپوزیشن کا اجلاس ہورہا ہے۔ ملکی معیشت بچانے کیلئے قومی اسمبلی اجلاس بلایا جائے۔

فواد چودھری نے کہا فخر ہے پاکستان میں برے کو برا کہنے والے لوگ موجود ہیں۔ پُرامن احتجاج ہمارے کارکنوں کا حق ہے، پورے پاکستان سے جن لوگوں نے پُرامن احتجاج کیا وہ ملک کے ہیرو ہیں۔ کارکن احتجاج میں تشدد کا عنصر نہ آنے دیں۔

کچھ منحرف ارکان کو غلطی کا احساس ہو گیا، حماد اظہر

وزیرتوانائی حماد اظہر کا کہنا ہے ووٹرز منحرف ارکان سے سوال کر رہے ہیں، احتجاج کے بعد کچھ ارکان کو اپنی غلطی کا احساس ہو گیا ہے، انہوں نے کہا تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اتحادی بھی ہمارے ساتھ ہیں، ووٹر نے جس کیلئے ووٹ دیا اس کے خلاف نہیں جایا جا سکتا۔ عمران خان ایک بار پھر اُبھرے گا، مقبولیت بڑھے گی۔