Friday, April 19, 2024

عمران خان کا ملک بھر میں فوری انتخابات کرانے کا مطالبہ

عمران خان کا ملک بھر میں فوری انتخابات کرانے کا مطالبہ
April 12, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سابق وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں فوری انتخابات کرانے کا مطالبہ کر دیا۔

عمران خان نے ویڈیو پیغام میں کہا بڑی سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی، کل پشاور جارہے ہیں، امپورٹڈ حکومت پر بات کریں گے۔ فوری انتخابات کے لیے پوری قوم تحریک چلائے۔

صدر پی ٹی آئی وسطی پنجاب شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کل پشاور، 16 اپریل کو کراچی اور 23 اپریل کو مینار پاکستان پر جلسہ ہو گا۔ ہم ایک آزاد خودمختار ملک ہیں۔ ہم پر فرض ہے آزاد خارجہ پالیسی بنائیں۔ لٹیروں نے مل کر منتخب حکومت کو گرایا۔ اتوار کو ملک میں انقلابی فضاء قائم ہو گئی۔ اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ اٹل ہے۔ عوام اس گھناونی سازش کو قبول نہیں کریں گے۔ جمہوریت میں جب ایسے حالات ہوں تو فوری انتخابات ہونے چاہیں۔

شفقت محمود نے کہا اپوزیشن کو پی ٹی آئی کی قوت کا پتہ چل گیا ہے۔ جس دن فرد جرم عائد ہونی تھی اس دن شہباز شریف نے حلف لیا۔ پی ٹی آئی اور افواج کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔ شفاف انتخابات ہوئے اور اپوزیشن میں بیٹھنا پڑا تو بیٹھیں گے۔ موجودہ حکومت سے کوئی امید نہیں کہ خط پر شفاف تحقیقات کرائے گی۔