Friday, March 29, 2024

عمران خان کا ایک بار پھر دو ماہ میں حکومت کے گھر جانے کا دعویٰ

عمران خان کا ایک بار پھر دو ماہ میں حکومت کے گھر جانے کا دعویٰ
June 12, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر دو ماہ میں حکومت کے گھر جانے کا دعویٰ کر دیا۔

92 نیوز کے پروگرام ہارڈ ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا اگلا پاور شو پوری پلاننگ کے ساتھ کریں گے ۔ پہلے سپریم کورٹ سے اجازت لیں گے کہ کیا ہمیں پر امن احتجاج کرنے کی اجازت ہے۔ دیکھنا ہو گا جمہوری ادارے بنیادی حقوق کا تحفظ کریں گے یا نہیں ؟

عمران خان نے خدشے کا اظہار کیا کہ حالات اس طرح چلتے رہے تو انہیں خوف ہے کہ ملک سری لنکا کی طرح نہ بن جائے۔ حکومت کا ابھی تک کوئی معاشی روڈ میپ ہی نظر نہیں آیا، جیسے جیسے دن گزرتے تھے، یہ ملک وہاں چلا جائے گا جسے کوئی ٹھیک ہی نہیں کرسکے گا۔ مجھے خوف ہے یہ ملک سری لنکا کی طرح نا بن جائے۔ نیشنل سکیورٹی رسک نہ بن جائے۔

عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے برطانوی ہائی کمشنر کو کیک کھلانے پر بھی اعتراض کیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے اگلے عام انتخابات میں دھاندلی کے منصوبہ  سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی ساری گیم کا پتہ ہے تاہم پی ٹی آئی الیکشن میں حصہ لے گی اور دھاندلی روکے گی ۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا موجودہ حکومت نے دو ماہ میں تاریخی مہنگائی کر دی۔ ہرچیز مہنگی ہو گئی۔ سب سے بڑی بارودی سرنگ تو ن لیگ والے  کرنٹ اکاؤنٹ  خسارے کی شکل میں چھوڑ کر گئے تھے۔ اس وقت 20 ارب ڈالر کا خسارہ چھوڑ کر گئے تھے۔ ہم اسے ایک ارب ڈالر پر لے آئے تھے۔ ہماری گروتھ ریٹ 5.6 فیصد تھی۔ آئی ایم ایف تو ہم پر بھی دباؤ ڈال رہا تھا۔ ہم نے سارا زور لگا کر عوام کو مہنگائی سے بچایا ہوا تھا۔