Thursday, April 18, 2024

ملک کی خاطر سب کیساتھ سمجھوتہ کرنے کو تیار ہوں، عمران خان

ملک کی خاطر سب کیساتھ سمجھوتہ کرنے کو تیار ہوں، عمران خان
March 4, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی خاطر سب کےساتھ سمجھوتہ کرنے کو تیار ہوں۔

ہفتہ کے روز ویڈیو لنک پر قوم سے خطاب میں انہوں نے کہا اُن پر کس نے حملہ کیا مگر ملک کیلئے حملہ آوروں کو بھی معاف کرنے کو تیار ہیں۔ بس ملک کا پیسہ چوری کرنے والوں کو این آر او دینے کا نہ کہا جائے۔

عمران خان نے دو صوبوں کی بجائے پورے ملک میں عام انتخابات کا مطالبہ کردیا۔ کہا ان میں عقل ہو تو 60 فیصد کے بجائے پورے ملک میں الیکشن کروا دیں۔ نئی حکومت کے قیام سے استحکام آئے گا۔ عوام اور اداروں کو ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا۔

انہوں نے کہا سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آ سکتا لیکن حکمران الیکشن کرانے سے خوفزدہ ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے پی ٹی آئی جیت جائے گی۔ حکمران الیکشن کا مطالبہ ماننے کے بجائے ہمارے کارکنوں پر ظلم اور سختیاں کر رہے ہیں۔ آڈیو اور ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی۔ پی ڈی ایم ملک کے ساتھ دشمن سے بھی بدتر سلوک کر رہی ہے، نیب قوانین میں ترامیم کرکے اربوں روپے کے کیسز ختم کرالئے گئے۔

عمران خان نے کہا کہ مجھ پر 74 ایف آئی آرز ہیں اور ضمانتیں کرانے کیلئے عدالتوں میں چکر لگانا پڑے۔ وہ مشرف کے دور میں جیل گئے لیکن جیسا ظلم آج کیا جا رہا ہے اس سے پہلے نہیں ہوا، یہ ظلم سے خوف پھیلا کر پی ٹی آئی کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معیشت اور ملکی حالات کے لئے اپنی حکومت تحلیل کردی، کوئی دشمن ایسا نہ کرے جو پی ڈی ایم جماعتوں نے ملک کے ساتھ کیا۔ دو بار مہنگائی مارچ کرنے والوں کی حکومت میں تاریخی مہنگائی ہے۔ پٹرول 150 روپے لٹر سے 280 روپے تک چلا گیا ہے، گیس اور بجلی کی قیمت دوگنی ہو گئی ہے، ٹیویل کا بل 8 روپے سے 36 روپے فی یونٹ ہو گیا ہے۔

سابق وزیراعظم بولے کہ بحران سے نکلنے کیلئے ہمیں متحد ہونا ہوگا، ملک سے پیسہ باہر جا رہا ہے اور صنعتیں بند ہو رہی ہیں۔ عالمی ادارے بول رہے ہیں کہ پاکستان ڈیفالٹ ہونے جا رہا ہے، الیکشن سے ہی ملک میں استحکام آئے گا، دوصوبوں کے بجائے پورے ملک میں عام انتخابات کرائے جائیں۔