Thursday, April 25, 2024

بلاول بھٹو کا خیبرپختونخوا میں طالبان کو پیسہ دیئے جانے کا الزام

بلاول بھٹو کا خیبرپختونخوا میں طالبان کو پیسہ دیئے جانے کا الزام
January 3, 2023 ویب ڈیسک

دادو (92 نیوز) – وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے خیبرپختونخوا میں طالبان کو پیسہ دیئے جانے کا الزام عائد کردیا۔ بولے سابق دور میں ایک فاشسٹ آدمی کو اسپورٹ کیا گیا۔

منگل کو دادو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں امپورٹڈ کہنے والوں نے خود دہشت گردی امپورٹ کی۔ عمران خان نے ٹی وی پر کہا کہ اس نے طالبان کو یہاں لاکر بسایا۔ سانحہ اے پی ایس میں ملوث لوگوں کو پوچھے بغیر آزاد کیا گیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اب قومی سلامتی کمیٹی میں فیصلہ کرچکے کہ ملک میں آئین کی رٹ قائم کریں گے۔ آئین پاکستان کو نہ ماننے والوں کو میں، حکومت اور عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔ تحریک طالبان افغانستان ایک حقیقت اور تحریک طالبان پاکستان ایک فتنہ ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے عمران خان کو پارلیمنٹ میں واپسی کا مشورہ دیدیا، کہتے ہیں عمران خان کی سیاست انکو اور ملک کو نقصان پہنچا رہی ہے، انکی جلد الیکشن کی ضد پوری نہیں ہوگی۔ شاہ محمود اور پرویزخٹک سمیت پی ٹی آئی کے ارکان بھی استعفے نہیں دینا چاہتے۔ چار سال کے پیدا کردہ مسائل چند ماہ میں حل نہیں ہوسکتے، آگے بہتری آئے گی۔ بلاول بھٹو مزید بولے ایم کیو ایم سے اختلافات ہیں آگے بھی ہوں گے، ہم چاہتے ہیں متحدہ کےساتھ معاہدے کے تحت چلیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں، انہیں پاؤں پر کھڑا کریں گے۔ ورلڈ بینک سے سندھ حکومت سیلاب متاثرین کیلئے 2 ارب ڈالرقرض لے رہی ہے۔ ان متاثرین کو زمین کا مالک بنائیں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دادو میں سابق ایم این اے مرحوم ظفر لغاری کے بیٹے ایم این اے عرفان ظفر لغاری سے تعزیت بھی کی۔

علاوہ ازیں بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ مُراد علی شاہ کے ہمراہ سیلاب زدہ علاقے خیرپور ناتھن شاہ کا فضائی دورہ بھی کیا۔