Saturday, May 4, 2024

عمران خان گیم ہار گئے، اب پچ پر لیٹ کر رو رہے ہیں، بلاول بھٹو

عمران خان گیم ہار گئے، اب پچ پر لیٹ کر رو رہے ہیں، بلاول بھٹو
April 1, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کہتے ہیں عمران خان گیم ہارگئے، اب پچ پر لیٹ کر رو رہے ہیں۔

جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان جاتے جاتے خارجہ پالیسی اور اداروں پر حملے کررہے ہیں۔ لیٹر کا شوشہ ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانے کیلئے ہے، اگر واقعی دھمکی تھی تو اس وقت قدم اٹھانا چاہئے تھا اتنا انتظار کیوں کیا؟ انٹرویو میں ایبسلوٹلی ناٹ کہنا تو بہت آسان ہے، یہ خط نہیں ڈپلومیٹک پروسیس تھا۔ پہلے عدم اعتماد کو تحفہ کہا، پھر عالمی سازش کہہ دیا۔

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک چلانا کرکٹ کا کھیل نہیں، اچھا ہوتا کہ عمران خان اپنی ہار تسلیم کرکے آگے بڑھتے، دھمکیاں دینے کے بجائے عزت دار طریقے سے مقابلہ کریں، اتوار تک امید رکھتے ہیں غیرجمہوری قدم نہیں اٹھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹ اتنا بولو کہ لوگ مان سکیں، کیا ہمیں پہلے سے معلوم تھا کہ آپ روس جائیں گے؟ پاکستان دنیا بھر میں تنہائی کا شکار ہوچکا ہے۔ عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد میرا اور عمران خان کا جھگڑا ختم ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ اصلاحات کے بعد الیکشن ہونے چاہئیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا عدم اعتماد جمہوری عمل ہے، کافی مسائل ہو سکتے ہیں، آئینی طریقہ کار میں مداخلت پر آرٹیکل 6 بہت واضح ہے، پاکستان اس وقت معاشی دلدل میں پھنسا ہوا ہے۔ خط کا جھوٹ بول کر قوم کو ورغلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ میرے تنقید کرنے پر عمران خان نے مودی کے خلاف بیانات دیئے، آج عمران خان مودی کی خارجہ پالیسی کی تعریفیں کر رہا ہے۔ عمران خان نے امریکا سے تعلقات اچھے رکھنے کیلئے کیا کچھ نہیں کیا۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ہم نے چین سے تعلقات اچھے رکھے، ایران پاکستان پائپ لائن کے لیے کوشش کی گئی۔