Thursday, April 25, 2024

عمران خان فتنہ ، فساد اور انتشار پھیلا رہے ہیں، مریم نواز

عمران خان فتنہ ، فساد اور انتشار پھیلا رہے ہیں، مریم نواز
September 15, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - نون لیگ کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے عمران خان فتنہ ، فساد اور انتشار پھیلا رہے ہیں۔

مریم نواز نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا وہ صرف مخالفین نہیں ملک کیلئے بھی خطرناک ہیں۔ آپ سب کچھ وفاق پر ڈال کر پتلی گلی سے فرار نہیں ہو سکتے۔ شہباز شریف کی کسی صوبے میں حکومت نہیں پھر بھی وہ سیلاب سے متاثرہ ہر جگہ گئے۔ کسی فارن فنڈڈ کے پاس اختیار نہیں کہ وہ بتائے الیکشن کب ہونے ہیں۔ الیکشن اپنے وقت پر ہونے چاہئیں، کسی کے دباؤ پر نہیں۔

مریم نواز مزید بولیں معیشت کو سنبھلنے کے لیے چند ماہ نہیں کئی سال لگیں گے۔ یہ وہ حکومت نہیں جو ہیروں پر چلے گی۔ عمران خان نے آئی ایم ایف سے جو ڈیل کی پاکستان آج بھی بھگت رہا ہے۔ مذہب کو اپنی ذاتی سیاست کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

 ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامرفاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔

مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دیئے کہ ایک ایکسپرٹ کی رائے کو اس کیس میں بنیادی شواہد کے طور پر لیا گیا، ایکسپرٹ کی رائے کبھی بھی بنیادی شہادت نہیں ہوتی۔ ٹرسٹ ڈیڈ کے نتیجے میں مریم نواز کو کیا فائدہ ہوا پراسیکیوشن یہ بتا دے ،رابرٹ ریڈلے کی نام نہاد رپورٹ کی بنیاد پر ٹرسٹ ڈیڈ کو غلط قرار دیا گیا۔ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا نواز شریف کے اثاثوں کی مالیت کا تعین بھی موجود نہیں؟ امجد پرویز نے کہا کہ نہیں۔ دونوں ملزمان کے اثاثوں کی مالیت کا تعین پراسیکیوشن کا کام ہے۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ نیب نے اپنی یہ ذمہ داری پوری نہیں کی؟ امجد پرویز نے کہا کہ نیب نے کہا جرم 1993 میں ہوا تھا۔ مریم نواز کو 2006 میں ایک دستاویز سائن کرنے پر کہا گیا کہ جرم میں معاونت کی۔ یہ بات آج تک سمجھ نہیں آتی اتنے سال بعد معاونت کیسے ہوئی۔

مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کے دلائل مکمل کر لیے ہیں۔ نیب نے دلائل کیلئے مزید وقت دینے کی استدعا کی جس پر عدالت نے کیس کی سماعت 20 ستمبر تک ملتوی کر دی۔