Wednesday, May 1, 2024

عمران خان ایک فتنہ ہے، عظمی بخاری

عمران خان ایک فتنہ ہے، عظمی بخاری
November 2, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - رہنما نون لیگ عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ عمران خان ایک فتنہ ہے۔

عظمی بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا عمرانی فتنہ مارچ چھٹے دن میں داخل ہو گیا۔ مزے کا لانگ مارچ ہے جہاں فل انجوائے منٹ ہو رہی ہے۔ کنٹینر سے ورکر گر کر ہلاک ہو گیا اس سے عمران خان کو کوئی فرق نہیں پڑا۔ عمران خان نے ملکی معیشت کوتباہ کرکے سری لنکا تک لے آیا۔ عمران خان کا نیا شوق مارشل لاء لگانے کا آیا ہے لیکن ایسا شوق پورا نہیں ہونے دیں گے۔

عظمی بخاری نے کہا عمران خان کو شرم آنی چاہیے ۔ آپ نے جمہوریت کے لئے قربانیاں نہیں دیں۔ ضیا الحق کے مارشل میں نائٹ کلبوں میں عمران خان موجیں کر رہے تھے۔ مارشل لاء لگا تو عمران خان مشرف کے ریفرنڈم کی کمپئین کر رہے تھے۔ اس کے پائوں کے لئے مددگار رہے۔ اگر ملک میں مارشل لاء ہوتا تو عمران خان کال کوٹھری میں ہوتے۔ مارشل لاء لگوانے کا شوق پورا نہیں ہو گا۔ پاکستان میں اب کبھی مارشل لاء نہیں لگ سکتا۔

 انہوں نے کہا نوازشریف کو سزا دے کر جیل بھیجنا پڑا تو عمران خان نے کیا الیکشن لڑنا ہے۔ فارن فنڈنگ کیس میں اپیل پینڈنگ ہے، اربوں روپے منی لانڈرنگ کا الگ کیس ہے لیکن عمران خان آتے ہی نہیں۔ جنرل الیکشن امتحان ہوتا ہے تب پتہ چلے گا نوازشریف کا ٹرمپ کارڈ کیا ہے۔