اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے عمران خان ملک کو تہس نہس کرکے آج امریکی سازش کے بیانیہ سے دستبردار ہو گئے، ایسے بات ختم نہیں ہوگی، آپ کو جواب دینا پڑے گا۔
سوموار کو مریم اورنگزیب نے عمران خان کے فنانشل ٹائمز کو انٹرویو پر ردعمل میں کہا جس بیانیہ پر پورے ملک میں انتشار اور جھوٹ پھیلایا، جواب دیئے بغیر صرف دستبرداری کافی نہیں۔ عمران خان سے سوال نہیں بلکہ ان کی بات پر یقین کرنے والوں کے لئے سوالیہ نشان ہے، عمران خان نے اپنے جھوٹ کے لئے آئینی عہدوں سے آئین شکنی کروائی۔
وزیر اطلاعات بولیں کہ عمران خان ملک کو تہس نہس کر کے آج امریکی سازش کے بیانیہ سے دستبردار ہو گئے ہیں، امپورٹڈحکومت، رجیم چینج کے جھوٹے بیانیہ سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ آج نام نہاد حقیقی آزادی مارچ کا اصل چہرہ مکمل طور پر بے نقاب ہو گیا ہے۔ عمران خان نے اقتدار کی خاطر پاکستان کے خارجہ تعلقات کو سنگین خطرات میں ڈالا۔ عمران خان نے ہوس اقتدار میں ملکی مفادات کے ساتھ سنگین کھیل کھیلا، چالیں چلیں۔