Wednesday, April 24, 2024

اسدعمر نے عمران خان کی فول پروف سکیورٹی کا مطالبہ کردیا

اسدعمر نے عمران خان کی فول پروف سکیورٹی کا مطالبہ کردیا
March 7, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - رہنما پی ٹی آئی اسدعمر نے عمران خان کی فول پروف سکیورٹی کا مطالبہ کردیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں بولے سیاسی شخصیات کا قتل ملکی تاریخ کا حصہ ہے، لیاقت علی خان اور بینظیر بھٹو کو قتل کیا گیا، آج پیشیوں کی آڑ میں عمران خان کے قتل کی سازش کی جارہی ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ معاشی تباہی سے توجہ ہٹانے کیلئے عمران خان کو ٹارگٹ رکھا گیا ہے، مزید بولے ملک کا آئین خطرے میں ہے، الیکشن ناگزیر ہیں۔

پی ٹی آئی رہنماء کہنا ہے کہ عمران خان آئین وقانون اور عدالتوں کے احترام کے قائل ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف پر سازش کے تحت قاتلانہ حملہ کیا گیا، آج بھی عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، درجنوں جھوٹے مقدمے بنائے جارہے ہیں، تعداد 76 ہوچکی۔

اسدعمر نے کہا کہ عمران خان کو 4 ماہ پہلے جب کسی عدالت نے بلایا وہ گئے۔ عمران خان گزشتہ دنوں ہائیکورٹ میں پیش ہوئے، اس موقع پر سکیورٹی کی صورت حال انتہائی غیرتسلی بخش تھی۔ آج لاہور اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں پٹیشنز دائر کرنے جا رہے ہیں، درخواست یہ ہے کہ یا تو فول پروف سکیورٹی دی جائے، جو کہ ممکن نہیں یا پھر عمران خان کو وڈیو لنک کے ذریعے حاضری کی اجازت دی جائے۔ عمران خان کو قتل کرنے کی کوشش کرنے والے قاتل کو ویڈیو لنک سے پیشی کی اجازت جبکہ انہیں نہیں۔

پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ عمران خان کو کیسے قابو کیا جائے اس حوالے سے مہم چل رہی ہے۔ درجنوں جھوٹے مقدمے قائم کئے جا رہے ہیں، شاہ محمود اور فواد چودھری پر پریس کانفرنس پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔