Wednesday, April 24, 2024

عمران خان آٹھ سال سے احتساب سے بھاگ رہے ہیں، مریم اورنگزیب

عمران خان آٹھ سال سے احتساب سے بھاگ رہے ہیں، مریم اورنگزیب
August 22, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کہتی ہیں عمران خان آٹھ سال سے احتساب سے بھاگ رہے ہیں۔

سوموار کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان جج کو دھمکیاں دیتے ہیں، ایکشن کیوں نہیں لیا جاتا؟ کہا کہ عمران خان کیخلاف بدعنوانی کی تحقیقات مکمل نہیں ہونے دی گئیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان الیکشن کمیشن کو اکاؤنٹس کی تفصیلات دینے سے انکاری ہیں، ان کی امانت اور صداقت کا جنازہ نکل چکا۔

اُن کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت معیشت کو درست سمت میں گامزن کر رہی ہے، پچھلے چار سال کی تباہ کاریاں، مہنگائی، معیشت کی تباہی سمیت ہم دیگر مسائل کو حل کر رہے ہیں۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کو 10 لاکھ روپے فراہم کئے جا رہے ہیں، وزیراعظم کی ہدایت پر کیش کی صورت میں فوری ریلیف سیلاب زدگان کو دیا جا رہا ہے۔ ایمرجنسی ریلیف اینڈ ریسکیو کی سرگرمیاں جاری ہیں۔