Wednesday, April 24, 2024

عمران خان آسمانی مخلوق نہیں کہ شان میں گستاخی پر گھروں پر دھاوا بولا جائے گا، مریم نواز

عمران خان آسمانی مخلوق نہیں کہ شان میں گستاخی پر گھروں پر دھاوا بولا جائے گا، مریم نواز
February 17, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) ن لیگ کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے عمران خان آسمانی مخلوق نہیں کہ شان میں گستاخی پر گھروں پر دھاوا بولا جائے گا۔

مریم نواز نے حکومت کو نشانے پر رکھ لیا۔ ٹویٹ کیا عمران خان کوئی آسمان سے اتری مخلوق نہیں جس کی شان میں گستاخی پر گھروں پر دھاوا بولا جائے گا اور شہریوں کو سلاخوں کے پیچھے پھینکا جائے گا۔

مریم نواز نے مزید لکھا آپ کی اہلیہ کا جو احترام ہے وہی آئی سی یو میں پڑی میری والدہ کا ہونا چاہیے تھا۔ مخالفین کی بہنوں اور بیٹیوں کا بھی احترام ہونا چاہئے تھا۔ وقت کا پہیہ گھوم چکا ہے جتنی بھی ریاستی طاقت استعمال کر لیں آپ اپنے آپ کو بچا نہیں سکتے، حساب تو دینا ہو گا۔

 ادھر معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے مریم نواز کے بیان پر ردعمل میں کہا کرپشن کیسسز میں مفرور اور ضمانتی سیاست میں بے وقعت ہیں۔ ماڈل ٹاؤن میں معصوم لوگوں کی جان لینے والے ریاستی طاقت کے غلط استعمال کی مثال تھے۔ میاں مفرور سیاسی انتقام نہیں لوٹ مار اور کرپشن میں سزایافتہ ہیں۔ احترام کے بھاشن شریف خاندان کو زیب نہیں دیتے۔ پاکستان کی سیاست میں گالم گلوچ کلچر متعارف کروانے والی نااہل لیگ ہے۔