Wednesday, April 24, 2024

توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے وارنٹ معطل

توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے وارنٹ معطل
March 7, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے وارنٹ معطل کردیئے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے محفوظ فیصلہ سنا دیا، عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 13 مارچ کو سیشن کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیدیا۔

عدالت نے عمران خان کو 13 مارچ کو فرد جرم عائد ہونے کے لیے سیشن عدالت پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ وارنٹ 13 مارچ تک معطل کیے گئے ہیں۔

 اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی وارنٹ منسوخی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

وکلاء نے استدعا کی کہ عمران خان کو عدالت پیش ہونے کے لیے 4 ہفتے کا وقت دیا جائے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ کوئی ایسا آرڈر پاس نہیں کرونگا جو عام پریکٹس سے باہر ہو، فرد جرم کیلئے عمران خان کو ذاتی طور پر پیش تو ہونا ہو گا۔ 9 تاریخ کو عمران خان نے اس عدالت میں بھی پیش ہونا ہے، وہاں بھی ہو جائیں۔

وکیل عمران خان نے مؤقف اپنایا کہ عمران خان کو سنگین سکیورٹی تھریٹس ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اس کا مطلب عمران خان 9 مارچ کو ہائیکورٹ میں بھی پیش نہیں ہونگے؟ پھر میں ٹرائل کورٹ کو کہتا ہوں وہ اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرے۔ اس طرح 4 ہفتے میں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی مکمل ہوجائے گی۔

قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے وکلاء کو عمران خان سے مشاورت کیلئے آدھے گھنٹے کا وقت دیدیتے ہوئے سماعت میں آدھے گھنٹے کا وقفہ لیا تھا۔

دوسری طرف اسلام آباد ہائیکورٹ کے وارنٹ معطل کئے جانے کے حکم کے بعد کیس میں ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کو 13 مارچ کو عدالت پیش ہونے کا حکم دےدیا۔ عدالت نے حکم دیاعمران خان فرد جرم عائد ہونے کے لیے 13 مارچ کو پیش ہوں۔