Thursday, April 25, 2024

عمران خان 15 مارچ کے بعد مزید مضبوط ہو گا، شیخ رشید

عمران خان 15 مارچ کے بعد مزید مضبوط ہو گا، شیخ رشید
March 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے اپوزیشن بڑھکیں مار رہی ہے۔ عمران خان 15 مارچ کے بعد مزید مضبوط ہو گا۔

شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جب ہم اپوزیشن میں تھے ہم بھی ایسی بڑھکیں مارتے تھے۔ دوستوں کو مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہونا چاہئے۔ ملک انارکی کی طرف جا رہا ہے۔ ملک کو جمہوریت کی طرف جانا چاہئے ۔ ملک میں سیاسی تناؤ نہیں ہونا چاہئے۔ اسپیکر کو فیصلے کا اختیار ہے ۔ اسپیکر کے فیصلے کو کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔

 انہوں نے کہا بلیک میلنگ کے الزام میں ق لیگ کا نام نہیں لیا۔ چودھری شجاعت بھائی ہیں، کبھی انکےخلاف بات نہیں کرینگے۔ چودھری ظہور الہی اور خواجہ صفدر کے مجھ پر احسانات ہیں۔ جب تک زندگی ہے چودھری شجاعت کے خلاف بات نہیں کروں گا۔ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔

شیخ رشید نے مزید کہا خواہش ہے ہر سیکٹر میں خواتین بازار قائم کیا جائے۔ جو علاقہ آپ بہتر بنا سکتی ہیں ، ہم آپ کو لیز پر دینے کو تیار ہیں۔ اچھی سڑکیں بنا لینا کمال نہیں۔ خواتین کیلئے روزگار ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا 15 سے 23 مارچ تک دارالحکومت میں فول پروف سکیورٹی ہو گی۔ 15 مارچ کے بعد عمران خان کی پوزیشن اور بہتر ہو جائے گی۔ انصار السلام یا کوئی ملیشیا اسلام آباد آئی تو کچل دیں گے۔