Sunday, September 8, 2024

مراد علی شاہ اور رعنا انصار کی پہلی ملاقات، نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق نہ ہوسکا

مراد علی شاہ اور رعنا انصار کی پہلی ملاقات، نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق نہ ہوسکا
August 12, 2023 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - نگراں وزیراعلیٰ سندھ کون ہوگا؟ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر رعنا انصار کی پہلی ملاقات میں کوئی کسی نام پر متفق نہیں ہوسکا۔ دوسری جانب سندھ اسمبلی کی تحلیل کا گزٹ نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کو ارسال کردیا گیا ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ کا تاج کس کے سر؟ طویل مشاورتوں کے بعد بھی کسی خوش نصیب کا نام نہ نکل سکا۔ وزیراعلیٰ سندھ اور اپوزیشن لیڈر نے ملاقات بھی کرلی، لیکن کسی نے کوئی نام تک سامنے نہ رکھا۔

اس موقع پر مراد علی شاہ نے کہا کہ پارٹی قیادت سے تفصیلی بات نہیں ہوئی ہے۔ آج کی ملاقات رسمی طور پر کرلیتے ہیں۔

رعنا انصار نے کہا کہ اپوزیشن بھی نگراں وزیراعلیٰ کیلئے مشاورت کررہی ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مراد علی شاہ اور فریال تالپور کی آج اسلام آباد روانگی متوقع ہے۔ وہاں پارٹی قیادت سے ملاقات ہوگی اورنگراں وزیراعلی سندھ کےناموں پرغور ہوگا جبکہ رعناانصاربھی اپوزیشن رہنمائوں سے مزید مشاورت کریں گی۔ وزیراعلی سندھ اور اپوزیشن لیڈر کی اگلی ملاقات کل دوپہر میں ہوگی۔

دوسری جانب سندھ اسمبلی کی تحلیل کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ محکمہ قانون نے گزٹ الیکشن کمیشن کا ارسال کردیا ہے۔ آئین کے تحت الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات کا فیصلہ کرے گا۔