Friday, April 26, 2024

متحدہ لندن کے تینوں گرفتار رہنما 30 روز کیلئے جیل میں نظربند

متحدہ لندن کے تینوں گرفتار رہنما 30 روز کیلئے جیل میں نظربند
October 23, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی میں ایم کیو ایم لندن کے گرفتار رہنماوں حسن ظفر عارف‘ کنور خالد یونس اور امجد اللہ کو سینٹرل جیل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہیں کراچی پریس کلب کے باہر سے گرفتار کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب میں ایک اور ایڈونچر۔ ایم کیو ایم لندن کی پریس کانفرنس سے قبل سب کچھ بدل گیا۔ رینجرز آئی اور حسن ظفر کو حراست میں لےکر ساتھ لے گئی۔ ان سے قبل کنور خالد یونس کو بھی رینجرز حراست میں لے چکی تھی۔ اب پریس کانفرنس کیا ہونی تھی۔ ایم کیو ایم لندن کی رابطہ کمیٹی کے رکن امجداللہ کی تو جان پر بن آئی۔ وہ پریس کلب کے اندر ہی موجود رہے۔ پریشانی کے عالم کبھی ٹہلنے لگتے تو کبھی بے چین ہو کر کسی کو فون ملا لیتے۔ امجد اللہ خان اور رینجرز کے درمیان آنکھ مچولی کا کھیل چار گھنٹوں تک جاری رہا لیکن بکرے کی ماں کب تک خیر مناتی۔ بالآخر امجد اللہ خان باہر آئے تو چار گھنٹوں سے منتظر رینجرز نے ان کو ہاتھوں ہاتھ لیا اور نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ گرفتاریوں کے بعد رابطہ کمیٹی کے دیگر رہنما ساتھی اسحاق، مومن خان مومن، اشرف نور، اکرم راجپوت، اسماعیل ستارہ اور ادریس علوی منظرعام سے غائب ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم لندن کے رہنماو¿ں حسن ظفر عارف، کنور خالدیونس اور امجد اللہ کو آرٹلری میدان تھانے میں درج ایف آئی آر نمبر 116 اور 117/ 2016 میں باقاعدہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دونوں مقدمات بائیس اگست کو ایم کیو ایم کے بانی قائد کی اشتعال انگیز تقریر کے بعد درج کیے گئے تھے جبکہ تینوں رہنماو¿ں کو مینٹی ننس آف پیس آرڈیننس کے تحت سینٹرل جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے تینوں رہنما 30 روز تک جیل میں نظربند رہیں گے۔