Sunday, September 8, 2024

مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارتی یومِ آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا

مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارتی یومِ آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا
August 15, 2023 ویب ڈیسک

سری نگر (92 نیوز) - بھارتی یومِ آزادی درحقیقت یومِ سیاہ ہے،1947 سے اب تک اڑھائی لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید اور گیارہ ہزار سے زائد خواتین کیساتھ اجتماعی زیادتی کی گئی، پوری مقبوضہ وادی میں شٹر ڈاؤن ہڑتال، نوجوانوں نے گھروں پر سیاہ پرچم لہرا دیئے، شدید ردعمل دیکھ کر مودی سرکار کے اوسان خطا ہوگئے، وادی بھر میں انٹرنیٹ بند اور کرفیو نافذ کر دیا گیا۔

مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا۔ سرینگر، ہنڈوارہ اور پونچھ سمیت کئ اضلاع میں جوشیلے نوجوانوں نے گھروں پر سیاہ پرچم لہرا دیئے، شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی۔ کشمیریوں نے مودی سرکار کو کرارا جواب دیتے ہوئے یو این قراردادوں اور نہرو کے وعدوں کے مطابق شفاف ریفرنڈم کا مطالبہ کیا۔

1947ء سے اب تک بھارتی ظلم وستم کے باعث اڑھائی لاکھ سے زائد کشمیری شہید، ایک لاکھ سے زائد بچے یتیم جبکہ 23 ہزار خواتین بیوہ ہو چکی ہیں، 2012ء میں 2700 اجتماعی قبروں سے ہزاروں ناقابلِ شناخت لاشیں دریافت ہوئیں، بھارت کشمیر پر ظلم و بربریت کرکے کس منہ سے آزادی منا رہا ہے جو پوری بھارتی عوام کیلئے ایک سوالیہ نشان ہے۔

بدترین ریاستی جبر اور اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود ہندوستان کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام ہے۔ حریت رہنما عبدالحمید لون کہتے ہیں وادی کشمیر میں عوام سے ترنگا لہرانے کی زور و زبردستی کی جارہی ہے، عالمی برادری مسئل کشمیر حل کرانے کےلئے اپنا اثرورسوخ استعمال کرے۔