Saturday, July 2, 2022

سپریم کورٹ میں مونال ریسٹورنٹ سیل کی اپیل، اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد

سپریم کورٹ میں مونال ریسٹورنٹ سیل کی اپیل، اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد
February 16, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ میں مونال ریسٹورنٹ کو سیل کرنے کیخلاف اپیل پر سماعت میں عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔

جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے مونال ریسٹورنٹ سیل کرنے کےخلاف اپیل پر سماعت کی۔ دوران سماعت مونال کے وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ سی ڈی اے نے تحریری حکم سے پہلے ہی مونال کو سیل کر دیا۔ سی ڈی اے اور مونال کا تنازع سول عدالت میں زیر التواء ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مقدمہ زیر التواء ہونے کے باوجود اور شواہد ریکارڈ کیے بغیر ہی  فیصلہ سنا دیا۔ مونال ریسٹورنٹ تو کیس میں فریق ہی نہیں تھا۔ ہائیکورٹ نے سوموٹو لیتے ہوئے مونال کو سیل کرنے کا حکم دیا۔

جسٹس اعجازالاحسن کا کہنا تھا کہ ہم اس کیس میں تمام فریقین کو سنیں گے۔ عدالت نے وفاقی حکومت اور فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے اور سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کر دی۔