Friday, April 26, 2024

مون سون: کراچی، لاہور سمیت مختلف شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش، نشیبی علاقے زیرآب

مون سون: کراچی، لاہور سمیت مختلف شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش، نشیبی علاقے زیرآب
August 6, 2022 ویب ڈیسک

کراچی/لاہور (92 نیوز) - ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، مختلف شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، نشیبی علاقے زیرآب آ گئے، کراچی، لاہور سمیت مختلف شہروں میں بادل جم کر برسے، محکمہ موسمیات کے مطابق 13 اگست تک مزید بارشوں کا امکان ہے۔

سندھ میں مون سون کا چوتھے اسپیل میں بادل برس پڑے، کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ہے۔ آج شام کراچی میں تیز بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ 9 اگست تک جاری رہے کی پیش گوئی کردی۔

لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، صوبائی دارلحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گلبرگ، مال روڈ، جیل روڈ، فیروز پور روڈ اور ائیر پورٹ کے گردونواح میں وقفے وقفے سے بادل برس رہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ کل شام تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

ادھر رینالہ خورد اور گردونواح میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے باعث گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ حویلی لکھا میں دریائے ستلج میں ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر پانی کی سطح میں معمولی اضافہ ہوا ہے، اس وقت ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر 15015کیوسک پانی موجود ہے جبکہ پانی کا اخراج 9715 کیوسک ہے۔

ادھر قصور میں بھی دریائے ستلج میں بارشوں کے باعث پانی کی سطح میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے

موسلادھار بارش کے دوران دریائے راوی، جہلم اور چناب میں پانی کے بہاؤمیں اضافے کی خدشہ ہے، کشمیر، خیبرپختونخوا، گلیات، مری، ہنزہ، سکردو میں لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے، تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور احتیاطی اقدامات کی ہدایت کردی گئی۔