Saturday, May 4, 2024

کیمسٹری کا نوبل انعام نینو ٹیکنالوجی کا تصور پیش کرنے والے کیمیا دانوں کے نام

کیمسٹری کا نوبل انعام نینو ٹیکنالوجی کا تصور پیش کرنے والے کیمیا دانوں کے نام
October 6, 2016
سٹاک ہوم (ویب ڈیسک) سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم سے 2016ءکے نوبل انعام تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ کیمسٹری کا نوبل انعام مشترکہ طور پر تین کیمیا دانوں کو دیا گیا۔ تینوں کیمیا دانوں نے دنیا کی سب سے چھوٹی مشینوں کا تصور پیش کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق سٹاک ہوم کی رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز میں ججز کی جیوری نے کیمسٹری کے نوبل انعام کا اعلان کر دیا۔ نوبل انعام تین کیمیا دانوں یاں پیری ساویج فرانس‘ فریزر سٹوڈارٹ سکاٹ لینڈ اور برنارڈ فی رنگا نیدرلینڈ کو دیا گیا۔ ان کیمیا دانوں کو یہ انعام مالیکیولر سطح پر نہایت باریک مشینوں کے ڈیزائن ترتیب دینے پر دیا گیا۔ ان ماہرین نے جن مشینوں کے ڈیزائن بنائے ہیں وہ انسانی بال سے بھی ہزار گنا کم باریک ہوں گی۔ ان مشینوں کو انسانی جسم کے ہر حصے میں دوا پہنچانے کیلئے بھی استعمال کیا جا سکے گا۔ سائنسدانوں نے مالیکیولر مشینوں کی ایجاد کو نینو ٹیکنالوجی کے میدان میں انقلابی پیشرفت قرار دیا ہے۔ یاد رہے کہ کیمیا کے نوبل انعام کی کل رقم 80 لاکھ کرونر (سات لاکھ 70 ہزار پاونڈ) ہے جو تینوں میں مشترکہ تقسیم کی جائے گی۔