Sunday, May 5, 2024

موجودہ صورتحال آزمائش ہے، صوبائی حکومت نے کوئی دانستہ غلطی نہیں کی، مراد علی شاہ

موجودہ صورتحال آزمائش ہے، صوبائی حکومت نے کوئی دانستہ غلطی نہیں کی، مراد علی شاہ
September 14, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے موجودہ صورتحال آزمائش ہے۔ صوبائی حکومت نے کوئی دانستہ غلطی نہیں کی۔

 مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کٹ لگانے کے فیصلے محکمہ آبپاشی کرتا ہے۔ یہ کہنا کہ فلاں وڈیرا فیصلے کر رہا ہے غلط ہے۔ حالیہ بارشیں مون سون کا ساتواں اسپیل ہے۔ اب تک 800 فیصد زیادہ بارشیں ہو چکیں ہیں۔ کئی علاقوں میں دس فٹ تک پانی جمع ہے۔ متاثرین میں سوا چار لاکھ راشن بیگ اور ساڑھے پندرہ لاکھ مچھر دانیاں تقسیم کر چکے ہیں۔ ہمیں ابھی مزید ٹینٹ اور ترپالوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا میری کوشش ہے کہ کوئی سیاسی بات نہ کروں لیکن کبھی کبھی ایسے موقع آتے ہیں زبان کھل جاتی ہے ۔ یہ ایک سیاسی جماعت کی ذہنیت ہے۔ ان کو اپنی ذہنی حالت دیکھنی چاہیے۔ جو آیا ہے وہ این ڈی ایم اے تقسیم کررہی ہے۔ ہمیں ایک دانہ بھی نہیں ملا ہے ۔ آٹا آرہا ہے جو ہم نے خریدا ہے ۔ اس کو روک کر اور اس پر ایف آئی آر کاٹنا ایسی حرکتوں کو کیا ہوں۔ یہ کسی انسان کا کام نہیں ہے ۔ یہ ایک غیر انسانی عمل ہے۔ یہ حیوانیت کی نشانی ہے ۔ یہ حیوانوں سے بھی گئے گزرے ہیں۔ ان کو سوشل میڈیا کمپئین کی پڑی ہے ۔ بات ہورہی ہے الیکشن کرا لیں ۔ یہ جو ارسطو وہ تو کچھ اور باتیں کررہے ہیں ان کو اسپیس نہیں دیں۔