Saturday, May 18, 2024

موجودہ حکومت عوام کے حق پر ڈاکا مارنا چاہتی ہے، بلاول بھٹو

موجودہ حکومت عوام کے حق پر ڈاکا مارنا چاہتی ہے، بلاول بھٹو
February 6, 2022 ویب ڈیسک

نصیر آباد (92 نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے موجودہ حکومت عوام کے حق پر ڈاکا مارنا چاہتی ہے۔

بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا جب سے سلیکٹڈ حکومت آئی ہے مہنگائی اور غربت میں اضافہ ہوا ہے۔ سندھ کو پانی ملے گا تو بلوچستان کو پانی ملے گا۔ ہم کسی سے بھیک نہیں مانگتے اپنے حق کا مطالبہ کرتے ہیں۔ بزرگوں کے ساتھ مل کر آگے بڑھیں گے۔ نوجوان نسل پیپلزپارٹی میں شامل ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا شہید بی بی کا خواب تھا اس علاقے کے عوام ترقی کریں ۔ بےنظیر بھٹو کے مشن کو لے کر چلیں گے۔ ہم عوام کی مشکلات کم کرنے کی کوشش کریں گے۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ غربت کا مقابلہ کیا ہے۔ ہم غریب کی ترقی کے مشن پر کام کر رہے ہیں ۔ ہم بلاسود قرضہ کا بندوبست کر رہے ہیں۔ قائدعوام نے غریب کسانوں میں زرعی زمین تقسیم کی۔ نصیرآباد کے 70 فیصد عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ موقع ملا تو دن رات محنت کرکے بلوچستان کےعوام کو ان کا حق پہنچائیں گے۔

بلاول بھٹو بولے آپ ہمیں ایک بار پھر موقع دیں۔ ہم جدوجہد کے لئے نکل رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی میدان میں اتر چکی ہے۔ 27 فروری کو لانگ مارچ کا اعلان کر چکی ہے۔ 27 فروری کو لانگ مارچ کیلئے کراچی سے نکلیں گے۔