موجودہ حکمرانوں سے معیشت نہیں سنبھلے گی، عمران خان
لاہور (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کہتے ہیں کہ موجودہ حکمرانوں سے معیشت نہیں سنبھلے گی۔
ہفتہ کو کھاریاں میں لانگ مارچ سے ویڈیو لنک پر خطاب میں انہوں نے کہا کہ لندن میں بیٹھا مفرور اپنی ذات کیلئے غلط فیصلے کر رہا ہے، موجودہ حکمرانوں کو لانے کا تجربہ ناکام ہو چکا، انہوں نے ملک کو تنہا اور معیشت کو تباہ کر دیا۔
عمران خان کہتے ہیں قوم چیف جسٹس کی جانب دیکھ رہی ہے، عدلیہ عوام کے ساتھ کھڑی ہو جائے، نیب ترامیم کرپشن بچانے کیلئے کی گئیں، کیس عدالت میں ہے، شہباز شریف کو سزا ہونے والی تھی، وہ وزیراعظم بن گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بولے کہ ارشد شریف اور اعظم سواتی کو انصاف دیا جائے، سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے فوری الیکشن کرائے جائیں۔