Thursday, April 25, 2024

عمران خان کا 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان

عمران خان کا 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان
December 17, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) – چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کردیا۔ 

ہفتہ کو لاہور لبرٹی چوک میں پی ٹی آئی جلسہ کے شرکاء سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے اوپر جو ظلم کیا گیا وہ مشرف دور میں بھی نہیں ہوا، جنرل (ر) باجوہ نے ہمارے اوپر ظلم کی انتہا کر دی تھی۔ جنرل (ر) باجوہ نے ہماری حکومت گرانے کا فیصلہ کیا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ این آ ر او ٹو جنرل (ر) باجوہ نے دیا قوم کو سب پتہ ہے، سمجھتا ہوں موجودہ حکمران آئندہ سال اکتوبر میں بھی عام انتخابات نہیں کرائیں گے۔ حکومت میں تھا تو جنرل ریٹائرڈ باجوہ کو کہتا رہا ان کے کیسز کیوں نہیں چل رہے۔ کہا گیا اکانومی کو ٹھیک کریں، احتساب کو بھول جائیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق دور میں ملک ترقی کر رہا تھا، معیشت اوپر جا رہی تھی، این آر او ٹو دے کر چوروں کو ملک پر مسلط کر دیا گیا۔ 30 سال سے جو ملک کو لوٹ رہے تھے، ان کو پاک کیا گیا۔

سابق وزیراعظم مزید بولے کہ آج ملک ڈوب رہا اور دیوالیہ ہو رہا ہے، صنعتیں بند، لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں، قوم مہنگائی سے مر رہی ہے۔ موجودہ حکمران اپنے کرپشن کیسز ختم کرا رہے ہیں۔

عمران خان کے خطاب کے موقع پر وزیراعلیٰ پرویز الہٰی اور وزیراعلیٰ محمود خان ساتھ تھے۔