Friday, March 29, 2024

موڈیز کی عالمی ریٹنگ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ منفی کر دی

موڈیز کی عالمی ریٹنگ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ منفی کر دی
March 31, 2022 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) - معیشتوں کی درجہ بندی کرنے والے عالمی ادارے موڈیز کی عالمی ریٹنگ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ منفی کر دی۔

موڈیز نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ عدم اعتماد تحریک سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ " منفی " ہو گی۔ تحریک سے بے یقینی اور پالسی کا تسلسل متاثر ہو گا۔ ترقی کے لئے اصلاحات پر عملدرآمد کا عمل بھی متاثر ہو گا۔ بیرونی ادائیگیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ آئی ایم ایف سے جاری معاملات بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔

موڈیز کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد تحریک سے ٹیکس اصلاحات بھی متاثر ہوں گے۔ عالمی منڈی قیمتیں بڑھنے سے پاکستان کا کرنٹ اکاونٹ خسارہ بڑھ رہا ہے۔ موجودہ حالات میں پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر گھٹنا شروع ہو جائیں گے۔ بین الاقوامی ادائیگیاں پاکستان کے لئے مشکل ہو سکتی ہیں۔ چند ماہ سے پاکستان کو زرمبادلہ ذخائرمیں کمی کا سامنا ہے۔

موڈیز کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2022 میں کرنٹ اکاونٹ خسارہ جی ڈی پی کا 6 فیصد تک پہنچ سکتا ہے۔ اس سے قبل کرنٹ اکاونٹ خسارہ 4 فیصد رہنے کی توقع تھی۔ زرمبادلہ ذخائر 18 ارب 90 کروڑ ڈالر سے کم ہو کر 14 ارب 90 کروڑ ڈالر رہ گئے ہیں۔ اس وقت پاکستان آئی ایم ایف کے ساتوے جائزہ پروگرام میں ہے۔ منصوبے کے تحت آئی ایم ایف 6 ارب ڈالر فراہم کرے گا۔

دوسری جانب چین نے پاکستان کو کڑے وقت میں بجٹ خسارے اور قرضوں کی واپسی کے لیے بڑے پیکج کی منظوری دیدی۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کو دستیاب 2 ارب ڈالر کے سیف ڈیپازٹ کی واپسی مؤخر کرنے کا فیصلہ ہے جس سے امپورٹ بل کی ادائیگی آسان ہو جائے گا۔