Sunday, September 8, 2024

مودی سرکار نے پاکستانی ہندوؤں کو ہندوستان پہنچنے کے بعد لاوارث چھوڑ دیا

مودی سرکار نے پاکستانی ہندوؤں کو ہندوستان پہنچنے کے بعد لاوارث چھوڑ دیا
November 18, 2023 ویب ڈیسک

نئی دہلی (92 نیوز) - مودی سرکار نے پاکستانی ہندوؤں کو ہندوستان پہنچنے کے بعد لاوارث چھوڑ دیا۔ ہندوستان میں پاکستانی ہندو بھوک، افلاس اور بے روزگاری کی سنگین صورتحال سے دوچار ہیں۔ پاکستان چھوڑ کر ہندوستان جانے والے ہندوؤں کے حالات بد سے بدتر بنتے جا رہے ہیں۔ مودی سرکار کے ناروا سلوک کے باعث 800 پاکستانی ہندو ہندوستان چھوڑنے پر مجبور ہیں۔

پاکستان چھوڑ کر ہندوستان جانے والے ہندو خاندان شدید مشکلات کا شکار ہیں، ہندوستان ہمیشہ پاکستان میں مہاجرین کے حالات کے بارے میں جھوٹا اور منفی پروپیگنڈا کرتا آیا ہے لیکن آج اپنے ہی ملک میں ہندوؤں کی حفاظت کرنے میں ناکام ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق ہندوستان میں 2 ہزار سے زائد پاکستانی ہندو شدید مایوسی کا شکار ہیں۔ 17 مئی 2023 کو راجستھان میں 150 پاکستانی ہندوؤں کو بے گھر کردیا گیا۔ یہاں 2500 سے زائد پاکستانی ہندو، انتہا پسندوں کے مظالم کا شکار ہیں۔ 24 اپریل 2023 کو جودھپور میں پاکستانی ہندو کی پوری بستی کو بلڈوز کردیا گیا۔ جبکہ 16 مئی 2023 کو جیسلمیر میں ہندوستانی حکومت نے 200 سے زائد پاکستانی ہندوؤں کو بے گھر کردیا۔

پاکستانی ہندووں کا کہنا ہے کہ ہندوستانی سرکار نے بالکل بے یار و مددگار چھوڑ دیا، بچے بھوکے مر رہے ہیں لیکن کسی کو پرواہ نہیں۔

عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں پاکستانی ہندو بنیادی ضروریات سے بھی محروم ہیں۔ ہندوستان کے سکولوں نے انہیں تعلیم دینے سے بھی انکار کر دیا ہے۔