Thursday, April 25, 2024

مودی حکومت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کی، عمران خان

مودی حکومت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کی، عمران خان
August 5, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سابق وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ مودی حکومت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کی۔ 

جمعہ کے روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدام پر ٹویٹر پیغام میں کہا کہ مودی حکومت کا اقدام اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ جنیوا کنونشن کے تحت مودی حکومت کا اقدام جنگی جرم ہے۔ مودی کا خیال تھا کہ یہ اقدام کشمیریوں کے جذبے کو کچل دے گا۔ مگرکشمیریوں کی خوئے مزاحمت نےتقویت پکڑی اور یہ مسلسل مضبوط ہوتی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی منتخب اخلاقیات، بھارت کی جانب سے عالمی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی پر عالمی برادری کی خاموشی قابلِ مذمت ہے۔

عمران نے مزید کہا کہ ہم سے کہا جاتا ہے کہ انسانی حقوق کی ان خلاف ورزیوں پر صدائے احتجاج بلند کریں، جن کی نشاندہی عالمی برادری میں طاقتور قوتیں کرتی ہیں مگر جب بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں اس کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کا معاملہ آتا ہے تو یہی قوتیں بھارتی منڈی یا اسکے ساتھ اپنے سٹریٹیجک عسکری اشتراک کے باعث مکمل خاموش نظر آتی ہیں۔