Sunday, September 8, 2024

منیر احمد قریشی المعروف منو بھائی کو ہم سے بچھڑے چار برس بیت گئے

منیر احمد قریشی المعروف منو بھائی کو ہم سے بچھڑے چار برس بیت گئے
January 19, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) منیر احمد قریشی المعروف منو بھائی ادب اور صحافت کا معتبر نام ہے جنہیں ہم سے بچھڑے چار برس بیت گئے لیکن ان کے لکھے ڈرامے، کالم اور شعر آج بھی مقبول ہیں۔

منو بھائی نے اپنے کیریئر کا آغاز صحافی کی حیثیت سے کیا مگر جلد ہی انہوں نے ڈرامہ نگاری کی طرف رُخ کیا۔ 1980 کی دہائی میں لکھے جانے والے ان کے ڈرامہ سونا چاندی نے خوب پذیرائی حاصل کی۔

خاندانی روایت پر مبنی ڈرامہ آشیانہ اور گوادر کے قبائل کی ثقافتی زندگی پر ان کی سیریل دشت بھی سنگ میل ثابت ہوا۔

منو بھائی نے بسیار نویسی کے باوجود کبھی لفظوں کی تاثیر بے ثمر نہ ہونے دی۔ وہ اچھے نثر نگار ہونے کے ساتھ ساتھ اچھے شاعر بھی تھے۔

منوبھائی کو تمغہ حسن کارکردگی اور ہلال امتیاز سے بھی نوازا گیا۔ وہ 19 جنوری 2018 کو ادب، فکر اور تخلیق کا بہت بڑا ورثہ اور سماجی خدمات کا نقش قدم دنیا پر چھوڑ کر خالق حقیقی سے جا ملے۔