Saturday, September 21, 2024

منی لانڈرنگ وزائد اثاثہ جات کیس، سلیمان شہباز کی 14 روزہ حفاظتی ضمانت منظور

منی لانڈرنگ وزائد اثاثہ جات کیس، سلیمان شہباز کی 14 روزہ حفاظتی ضمانت منظور
December 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں وزیراعظم کے بیٹے سلیمان شہباز کی چودہ روز کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کرلی گئی۔

وزیراعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے، چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے متعلقہ عدالت سے رجوع کا حکم دیا، ایف آئی اے کو سلیمان شہباز کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔

میڈیا سے گفتگو میں سیلمان شہباز بولے سابق دور میں تمام جھوٹے کیسز بنائے گئے، جو کھیل تماشہ عمران خان نے کیا وہ ساری دنیا نے دیکھا، اب سارے بے بنیاد کیسز ختم ہورہے ہیں۔ عمران خان انگلینڈ کے جسٹس سسٹم کا راگ الاپتے ہیں، عمران خان کے اپنے دور میں 2 کیسز بنائے گئے۔

اُنہوں نے کہا کہ این سی اے میں کیس 18 ماہ چلا، شہزاد اکبر عمران خان کہنے پر وہاں کے چکر لگاتے رہے۔ مجھ سے اور میرے والد سے تفتیش کی گئی، ایک طرف حکومت تھی اور ایک طرف ہم۔ 18 ماہ بعد این سی اے نے عمران خان کے منہ پر تھپٹر مارا، کہا گیا کہ ان کے خلاف کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا، ایک پینی، ایک پاؤنڈ کی منی لانڈرنگ نہیں ہوئی۔

سیلمان شہباز کا کہنا تھا کہ ڈیلی میل کے ڈیوڈ روز کو شہزاد اکبر نیب کے سیل میں لایا، وہاں سٹوری لانچ کی، اس کو ڈیلی میل میں لگوایا۔ کیس 3 سال تک چلا، کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات تھے۔ 3 روز قبل ڈیلی میل نے شہباز شریف سے معافی مانگی۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے دور میں 25 ہزار ارب کا قرضہ لیا، سائفر پر قوم کو گمراہ کیا، پھر امریکیوں کے پاؤں پڑے۔ امریکی سازش کا ڈھونگ رچایا، یہ جھوٹا شخص ہے۔ اوپن اینڈ شٹ کیسز کا فیصلہ ہونے تک عمران خان کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔ ہیلی کاپٹر کا بےجا استعمال کیا، عمران خان کو اس کا حساب دینا ہوگا۔ خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی بیچ دی، فرح گوگی کو بیرون ملک بھگا دیا۔