Thursday, April 25, 2024

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو فردجرم عائد کرنے کیلئے 7 ستمبر کو طلب کر لیا گیا

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو فردجرم عائد کرنے کیلئے 7 ستمبر کو طلب کر لیا گیا
July 30, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - ایف آئی اے سنٹرل کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو فردجرم عائد کرنے کیلئے 7 ستمبر کو طلب کر لیا۔

ایف آئی اے اسپیشل سینٹرل کورٹ میں وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت دیگر سولہ ملزمان کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست جمع کروائی گئی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ شہباز شریف اہم میٹنگز میں مصروف عمل جبکہ  حمزہ شہباز کی کمر میں شدید تکلیف ہے جس وجہ سے عدالت پیش نہیں ہو سکتے۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست کی مخالفت کی گئی۔ پراسیکیوٹر کا کہنا تھا جب سے عبوری ضمانت منظور ہوئی ہے ملزمان پیش نہیں ہو رہے۔ ایف آئی اے پراسیکوٹر نے بتایا کہ ملزم ملک مقصود  کا ڈیتھ سٹرٹیفکیٹ  جمع کرا دیا گیا ہے اور انکی موت کی تصدیق ہو گئی ہے۔

پراسکیوٹرکی جانب سے اشتہاری ملزم سلیمان شہباز کی جائیدادوں کا ریکارڈ بھی عدالت پیش کیا گیا۔ سلمان شہباز کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اشتہاری قرار دینے کے بعد دو سال تک ملزم کی جائیداد قرق نہیں کی جا سکتی۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا آپکو اس نقطہ پر کوئی اعتراض ہے جس پر ان کا کہنا تھا نہیں یہ تو قانونی مسئلہ ہے اس پر کوئی اعتراض نہیں۔

عدالت نے دونوں ملزمان  کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے 7 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کو فرد جرم کے لیے طلب کر لیا۔