Thursday, March 28, 2024

منی لانڈرنگ کیس، وزیراعظم شہباز شریف کو حاضری سے مستقل استثنٰی مل گیا

منی لانڈرنگ کیس، وزیراعظم شہباز شریف کو حاضری سے مستقل استثنٰی مل گیا
October 4, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف کو احتساب عدالت میں حاضری سے مستقل استثنٰی مل گیا۔ 

احتساب عدالت کے جج قمر الزماں نے وزیراعظم شہبازشریف انکے بیٹے حمزہ شہباز سمیت دیگر کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت کی۔

وزیراعظم کے وکیل امجد پرویز پیش ہوئے اور شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزیر اعظم کابینہ اجلاس کے باعث عدالت پیش نہیں ہوسکتے جبکہ حمزہ شہباز کمر درد میں مبتلا ہیں اور ڈاکٹر نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے لہٰذا حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔

نیب کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کی مستقل حاضری کی درخواست پر جواب جمع کرایا گیا جس کے بعد عدالت نے شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں عدالت پیشی کے لیے نمائندہ مقرر کرنے کی اجازت دے دی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے گواہوں کو بیانات کے لیے طلب کرتے ہوئے منی لانڈرنگ ریفرنس پر کارروائی 25 اکتوبر تک ملتوی کردی۔