Saturday, April 20, 2024

منی لانڈرنگ کیس، وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانت منظور

منی لانڈرنگ کیس، وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانت منظور
June 11, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کرلی گئی۔

اسپیشل کورٹ سینٹرل کے جج اعجاز حسن اعوان نے منی لانڈرنگ کیس درخواست ضمانت پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہبازکو دس دس لاکھ اور 16 شریک ملزموں کو دو، دولاکھ لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

لاہور کی ایف آئی اے اسپیشل سنٹرل کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

ایف آئی اے تفتیشی ٹیم نے سلمان شہباز، مقصود چپڑاسی اور طاہر نقوی کے وارنٹ گرفتاری کے آرڈر چسپاں کرنے سے متعلق رپورٹ پیش کی۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ ملک مقصود فوت ہو گئے، ڈیٹھ سرٹیفکیٹ رپورٹ آنے تک تصدیق نہیں کرسکتے۔ ایف آئی اے پراسکیوٹر فاروق باجوہ نے دلائل دیئے کہ ریکارڈ کے مطابق یہ بات درست ہے کہ شہباز شریف کا رمضان شوگر ملز سے ڈائریکٹ تعلق نہیں۔

شہباز شریف کے اکاؤنٹس میں 2 چیک گلزار خان کے نام سے تھے جن کی مالیت 25 لاکھ تھی، وہ انتقال کرچکے ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے دلائل دیئے کہ میرے خلاف کرپشن کا کوئی کیس ثابت نہیں ہوا۔ اس کیس میں درجنوں پیشیاں بھگتیں، میرے خلاف ایک سال تک چالان پیش نہیں کیا گیا۔

عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو جانے کی اجازت دے دی، کیس کی سماعت کے موقع سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔