Thursday, April 18, 2024

منی لانڈرنگ کیس، وزیراعظم اور حمزہ شہباز کے وکلا کو کل تک دلائل مکمل کرنیکی ہدایت

منی لانڈرنگ کیس، وزیراعظم اور حمزہ شہباز کے وکلا کو کل تک دلائل مکمل کرنیکی ہدایت
October 11, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - اسپیشل سینٹرل عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کیخلاف منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں وکلا کو کل تک بریت کی درخواستوں پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

ایف آئی اے کی خصوصی عدالت میں منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے۔ وزیراعظم شہباز شریف سرکاری مصروفیت کی وجہ سے پیش نہ ہوسکے۔ عدالت نے شہباز شریف کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔

حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دیئے کوئی شواہد نہیں ہیں کہ ملک مقصود کے اکاؤنٹس شہباز شریف یا حمزہ شہباز کے اثرورسوخ پر کھولے گئے۔ وکیل کے مطابق بینکرز کو ایف آئی اے نے کیس سے ہی نکال دیا، بینکرز نہ گواہ ہیں نہ ہی ملزم ہیں۔

امجد پرویز ایڈووکیٹ نے واضح کیا کہ منی لانڈرنگ کے الزامات کی تفتیش سابق حکومت نے کی اور سیاسی بنیادوں پر لوگوں کے بیانات لیے گئے۔ تفتیش میں کسی گواہ نے شہباز شریف یا حمزہ شہباز کا نام تک نہیں لیا۔

عدالتی استفسار پر ایف آئی اے کے وکیل نے بتایا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ پیسے کا لین دین اور منتقلی شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے کہنے پر ہوئی۔

ایف آئی اے کے وکیل نے بتایا کہ گلزار مرحوم کا اکاؤنٹ بھی رمضان شوگر ملز کی انتظامیہ آپریٹ کرتی رہی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا تحریری طور پر یہ سب لکھ کر دے سکتے ہیں؟
جس پر ایف آئی اے کے وکیل نے واضح کیا کہ انہیں تحریری بیان دینے کے متعلق ہدایات نہیں۔