Tuesday, May 7, 2024

منی لانڈرنگ کیس، شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 4 جون تک توسیع

منی لانڈرنگ کیس، شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 4 جون تک توسیع
May 28, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت میں 4 جون تک توسیع کردی گئی۔

ایف آئی اے اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 4 جون تک ملتوی کردی۔ وزیراعظم شہبازشریف عدالت میں پیش ہوئے۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے بھی حاضری مکمل کروائی، شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے مؤقف اختیار کیا کہ استغاثہ کو معلوم تھا کہ مقدمات میں شہادتیں موجود نہیں، مقدمہ سیاسی انتقام کی بڑی مثال ہے، ایف آئی ار کاٹنے میں جلدی کی گئی، جب مقدمے کا چالان جمع کرایا گیا تو اس میں کئی خامیاں تھیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ سلمان شہباز کے وارنٹ کا کیا بنا؟ یہ وارنٹ کیسے بنائے گئے؟ سلمان شہباز کا نام ہے اس کی ولدیت درج نہیں۔ عدالت نے ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم پر برہمی کا اظہار کیا۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ سلمان شہباز کے گھر کے باہر ہم نے وارنٹ چسپاں کر دئیے تھے۔ بیرون ملک ہونے کی وجہ سے انہوں نے وارنٹ موصول نہیں کیے۔ شریک ملزم غلام شبر کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے تھے مگروہ وفات پا چکے ہیں۔

شہباز شریف نے روسٹرم پر آکر بتایا کہ عدالت کے احترام میں آیا ہوں، ساڑھے بارہ سال صوبے کی خدمت کی، دھیلے کی کرپشن نہیں کی، پنجاب کی خدمت کی بیرون ملک جانے اور ہوٹل کے اخراجات جیب سے کیے۔ میرے اقدامات سے میرے خاندان کو دو ارب روپے کا نقصان پہنچا۔

میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا پٹرول مہنگا کرنے کا سخت فیصلہ کرنا پڑا۔

سماعت کے دوران شہباز شریف کے اجازت طلب کرنے پر عدالت نے انہیں اور حمزہ شہباز کو جانے کی اجازت دے دی۔