Friday, May 17, 2024

منی لانڈرنگ کیس کا اہم کردار مقصود چپڑاسی انتقال کر گیا

منی لانڈرنگ کیس کا اہم کردار مقصود چپڑاسی انتقال کر گیا
June 9, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - منی لانڈرنگ کیس کا اہم کردار مقصود چپڑاسی انتقال کر گیا۔

ذرائع کے مطابق مقصود چپڑاسی بیرون ملک مقیم تھے۔ حرکت قلب بند ہونے سے انتقال ہوا۔ مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں پیسے آنے کے بعد انہیں منی لانڈرنگ کیس میں شامل کیا گیا۔

ایف آئی اے کے چالان میں ہونے والے انکشافات کے مطابق شوگر کاروبار کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف خاندان کے مبینہ بے نامی دار مقصود چپڑاسی کے اکاونٹ میں تقریباً چار کروڑ روپے کی ترسیلات ہوئیں۔ مقصود چپڑاسی کو عدالت بیرون ملک فرار ہونے پر اشتہاری قرار دے چکی ہے۔ مقصود چپٹراسی کی دو ہزار چار میں تنخواہ سات ہزار جبکہ دو ہزار سترہ میں پچیس ہزار تھی۔ مقصود چپڑاسی کے نام پر کمپنی رجسٹرڈ ہوئی، اس کے بعد اکاونٹس بنائے گئے۔ تیرہ مئی دوہزار دس میں مسلم ٹاون برانچ میں ملک مقصود اینڈ کمپنی کے نام سے اکاونٹ کھولا گیا۔ ملک مقصود کی کمپنی کے اکاونٹ سے 74 کروڑ 10 لاکھ کی ترسیلات ہوئیں۔ فیصل آباد میں کھولے گئے اکاونٹ میں 2015 سے 2018 تک 77 کروڑ 20 لاکھ کی ترسیلات ہوئیں۔

چالان کے مطابق 30 جنوری 2017 کو کھولے گئے اکاونٹ میں ایک سال کے دوران 46 کروڑ تین لاکھ کا ٹرن اوور رہا۔ 2 اپریل 2015 کو مقصود احمد نے ذاتی اکاونٹ کھولا۔ ملک مقصو کے ذاتی اکاونٹ میں تین سالوں کے دوران ایک ارب پانچ کروڑ 40لاکھ کی ترسیلات ہوئیں۔ 25 جنوری 2017 کو کھولے گئے اکاونٹ میں ایک سال کے دوران 30 کروڑ 60 لاکھ ٹرن اوور رہا۔