Thursday, April 25, 2024

منی لانڈرنگ کیس، حمزہ شہباز کی ایف آئی اے سینٹرل کورٹ لاہور میں پیشی

منی لانڈرنگ کیس، حمزہ شہباز کی ایف آئی اے سینٹرل کورٹ لاہور میں پیشی
May 14, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کی ایف آئی اے سینٹرل کورٹ لاہور میں پیشی ہوئی۔

اسپشل سینٹرل کورٹ کے جج اعجاز اعوان نے کیس کی سماعت کی۔ وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز عدالت پہنچے اور حاضری مکمل کروائی۔ وزیراعظم شہباز شریف عدالت پیش نہیں ہوئے انکے وکلاء کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا کہ شہباز شریف نجی دورے پر لندن ہیں وہ کینسر کے مریض ہیں انکے طبی معائنے کیلئے آج ڈاکٹر نے وقت دیا ہے۔

ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ اگر شہبازشریف کے طبی معائنے کا معاملہ ہے تو حاضری معافی کی درخواست کی مخالفت نہیں کرینگے۔

میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا تھا سیالکوٹ کے تحریک انصاف کے جلسے کرنے پر اقلیتی برادری کو اعتراض ہے۔ اقلیتی برادری کی جگہ چھوڑ کر کسی اور مناسب جگہ پر جلسہ کر لیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما عطاتارڑ کا کہنا تھا چرچ کی زمین انکی مذہبی رسومات کیلئے استعمال ہوتی ہے وہاں جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیس کی تفتیش مکمل ہو چکی ہے یا چل رہی ہے جس پر پراسکیوٹر نے موقف اختیار یا کہ کیس کے فیکٹس کے بارے میں ابھی مکمل نہیں پتا عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 21 مئی تک توسیع کر دی۔