Wednesday, April 24, 2024

منی بجٹ: گاڑیاں، موبائل فون، ادویات، دودھ سمیت 150 اشیاء مہنگی ہوجائینگی

منی بجٹ: گاڑیاں، موبائل فون، ادویات، دودھ سمیت 150 اشیاء مہنگی ہوجائینگی
January 14, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) منی بجٹ سے اہم ادویات، سلائی مشین، درآمدی مصالحہ جات، گاڑیاں، موبائل فون اور بچوں کے دودھ سمیت 150 اشیا مہنگی ہو جائیں گی۔

پیک دودھ دہی، پنیر، مکھن، کریم، دیسی گھی، مٹھائی کی قیمتیں بھی بڑھیں گی۔ ٹیکس لگنے پر زرعی پلانٹس و مشینری،اسٹیشنری مہنگی ہوں گی۔

فلورملز پر 10 فیصد سیلز ٹیکس کے نفاذ سے آٹا مہنگا ہونے کا بھی خدشہ ہے، بیکریوں، ریسٹورنٹس، فوڈ چینز اور مٹھائی کی دوکانوں کو محصول دینا ہوگا۔

ویجیٹیبل گھی، اسٹیشنری اور پیک فوڈ آئٹمز پر ٹیکس عائد ہوگا، انڈے، پولٹری، گوشت، جانوروں کی خوراک کی تیاری میں استعمال ہونے خام مال پر ٹیکس عائد ہوگا۔

وفاقی و صوبائی اسپتالوں، خیراتی اسپتالوں، این جی اوز و تعلیمی اداروں پر ٹیکس عائد ہوگا۔ پچاس بیڈ اور اس سے بڑے نجی خیراتی اسپتالوں، اقوام متحدہ کے اداروں پر ٹیکس عائد ہوگا۔

سفارت کاروں و سفارتی مشن کی درآمدات پر ٹیکس سے چھوٹ واپس لی گئی ہے۔ سیب کے علاوہ درآمدی پھلوں، سبزیوں اور فلور ملز پر 10 فیصد سیلز ٹیکس، غیر ملکی ڈراموں کی درآمد پر بھی ایڈوانس ٹیکس عائد ہوگا۔

ملٹی میڈیا ٹیکس کو بھی 10 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد نافذ، بیٹری پر ٹیکس 12 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کردیا گیا۔ ڈیوٹی فری شاپس پر 17 فیصد، ڈاک کے ذریعے پیکٹ ارسال کرنے پر 17 فیصد سیلز ٹیکس کی منظوری دی گئی۔